کراچی(نیوزڈیسک)لیاری گینگ وار کے سرغنہ اورکالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سابق سربراہ عذیرجان بلوچ کے سنسنی خیز انکشافات پرمبنی بیانات کی 20 گھنٹوں سے زائدوقت پرمبنی وڈیوریکارڈنگ مبینہ طورپر مکمل کرلی گئی ہے۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ عذیربلوچ کے سیاسی رہنماؤں پر لگائے گئے الزامات کی ٹھوس شہادتیں بھی حاصل کرنے کیلیے حکام کی طرف سے ہدایات جاری کی گئی ہیں اورواضح کیا گیا ہے کہ جب تک ناقابل تردید شہادتیں دستیاب نہ ہوں تب تک ملزم کے بیانات کی روشنی میں کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جائے۔ذرائع کے مطابق ملزم کے انکشافات کی بنیادپرتفتیش کاردائرہ کاروسیع کردیاگیاہے اورسندھ سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے ایک سابق رہنماکے اکاؤنٹس کی پڑتال کی جارہی ہے تاکہ پتہ چلایا جائے کہ عذیر بلوچ کے انھیں ماہانہ بھاری رقم بطوربھتہ دینے کے الزامات میں کتنی صداقت ہے۔ذرائع کاکہناہے کہ عذیربلوچ کے بیانات کی روشنی میں ملنے والے ثبوت کچھ مقدمات میں غیرمعمولی اہمیت کے حامل ہیں۔