لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کیلئے حکومت سے ابھی تک اجازت نہیں ملی، عدم نمائندگی کی صورت میں آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے،پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے مگر مصروفیت کے باعث وہ شرکت نہیں کر سکیں گے۔گزشتہ روز لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لئے حکومت پاکستان سے اجازت مانگی ہے۔تاہم اب تک اجازت نہیں ملی جبکہ اس حوالے سے وزیراعظم سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا تاہم پی سی بی کو وزیراعظم کی اجازت کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی ٹیم نے ایونٹ میں نمائندگی نہ کی تو آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ پر جرمانہ عائد کر سکتی ہے جیسے بنگلادیش میں ہونے والے انڈر 19ورلڈ کپ میں کینگرو ٹیم کی عدم شرکت کرنے پر آسٹریلیا پر کیا گیا تھا۔ نجم سیٹھی کی جانب سے وزیر اعظم اور عمران خان کو پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت کے حوالے سے شہریار خان نے بتایا کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے مگر مصروفیت کے باعث وہ شرکت نہیں کر سکیں گے۔