واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکا کی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی دوڑ میں شامل اہم امیدواروں ڈونلڈ ٹرمپ اور جیب بش میں ٹی وی مباحثے کے دوران گرما گرمی ہو گئی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز سی بی ایس ٹیلی ویڑن پر ایک مباحثے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے نائن الیون کے بعد عراق میں فوجی کارروائی کو ایک بہت بڑی غلطی قرار دیا، انھوں نے کہا کہ جارج بش نے ایک غلطی کی، ہم سب غلطیاں کرتے ہیں لیکن یہ ایک بڑی غلط تھی کیونکہ ہمیں یہ بتایا گیا کہ عراق کے پاس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار ہیں جب کہ یہ بات جھوٹ تھی۔ ٹرمپ نے بش دور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ 11ستمبر کے حملوں کو روکنے میں ناکام ثابت رہے، ان حملوں میں میرے کئی قریبی دوست مارے گئے۔مباحثے کے دوران جارج بش کے بھائی جیب بش مشتعل ہو گئے اور انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بیمار اور تھکا ہوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ان کے خاندان پر حملے کر رہے ہیں، انھوں نے اپنی والدہ باربرا بش پر ٹرمپ کی تنقید پر خفگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی والدہ کمزور نہیں بلکہ طاقتور خاتون تھیں۔