ریاض(نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث تعمیراتی کمپنیوں کے اہلکاروں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پیدا ہوگئی ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق سعودی تعمیراتی کمپنیوں کے اہلکاروں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پیدا ہوئی ہے۔وزارت محنت کے اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ ایک بڑی کمپنی کے اہلکاروں نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کچھ مہینوں سے تنخواہ نہیں مل رہی۔ ذرائع کے مطابق یہ ایک تعمیراتی کمپنی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کچھ دیگر تعمیراتی کمپنیوں کو اسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے۔سعودی حکام تیل کی قیمت میں کمی کے پیش نظر اخراجات کم کر رہی ہے جس سے شعبہ تعمیرات کو نقصان ہو رہا ہے کیونکہ اس شعبہ کے لیے سرمایہ کاری اولین اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کم ہو چکی ہے۔