اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ٗ اپنے منطقی انجام تک آپریشن جاری رہے گا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سیاسی تلخیوں کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائیگا ٗدہشت گردی کا خاتمہ اور ملک میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے ٗدہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ٗ دہشت گردوں کو معصوم شہریوں کی زندگیوں سے نہیں کھیلنے دیا جائیگا ۔ جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ٗوزیر خزانہ اسحاق ڈار ٗ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ٗوزیر اطلاعات، نشریات سینیٹر پرویز رشید ٗوزیر منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات احسن اقبال ٗوزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ٗوزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز ٗ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی، وزیراعظم کے معاون خصوصی سینیٹر مشاہد اﷲ خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی، رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو باچا خان یونیورسٹی پر حملے اور اس واقعے سے متعلق اب تک ہونے والی تحقیقات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے سانحہ چارسدہ پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور کراچی کا امن مکمل طور پر بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام اداروں میں شفافیت اور کارکردگی کی بہتری کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو سعودی عرب، ایران اور ڈیووس (سوئٹزرلینڈ) کے اپنے حالیہ دوروں پر اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ حکومتی ٹیم کی مشترکہ کوششوں کی بدولت بیرون ملک پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر کے کاروباری رہنما اور کمیونٹیز پاکستان کو مثبت انداز میں دیکھتے ہیں جس کے لئے حکومت کی اقتصادی ٹیم تحسین کی مستحق ہے۔ وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان استحکام کے حصول، اقتصادی ترقی اور تمام شعبوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھانے کے لئے سازگار فضاء کی فراہمی کے لئے صحیح سمت میں گامزن ہے، دہشت گردی کا خاتمہ اور اپنی آئندہ نسلوں کے لئے پرامن پاکستان کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیوں اور اقتصادی استحکام کے حصول نے ملک کے عوام میں نئی امید پیدا کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے افسوسناک واقعہ اور اس ضمن میں اب تک ہونے والی تحقیقات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ملک کی سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے دوٹوک حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کرنا پاکستان کی ریاست، اس کی حکومت اور عوام کا مشترکہ عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ درسگاہ میں ہمارے بے گناہ بچوں کو جاں بحق کرنے کی گھناؤنی کارروائی کا ارتکاب کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاری فوجی آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر کو توڑ دیا ہے جو نہایت مایوسی کے عالم میں آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ہم ان کا مذموم ایجنڈا پورا نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس کے دوران کراچی آپریشن پر بھی بات چیت ہوئی اور یہ اتفاق پایا گیا کہ آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اپنے منطقی انجام تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے مثال قربانیوں اور مربوط کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت، عوام کا مشترکہ عزم ہے، دہشت گردوں کو معصوم شہریوں کی زندگیوں سے نہیں کھیلنے دیں گے، آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔