اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سبزی منڈی میں سی ڈی اے کے تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران بجلی کے تار گرنے سے 2 تاجر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے سبزی منڈی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری تھا کہ اس دوران تھڑوں سے تجاوزات ہٹانے کے دوران بجلی کی ہائی ٹینشن تاریں گر گئیں جس کی زد میں آکر تین افراد کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔کرنٹ لگنے سے زخمی ہونے والے تینوں افراد کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں مشتاق احمد اور ارشد محمود نامی تاجر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرے زخمی تاجر کی حالت سخت تشویشناک ہے۔ تاجروں کے جاں بحق ہونے کے بعد سبزی منڈی کے تاجر سخت مشتعل ہوگئے اور سی ڈی اے کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ مظاہرین نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان رابطہ سڑک آئی جی پی روڈ کو بلاک کردیا اور سی ڈی اے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے