کراچی(نیوز ڈیسک)پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ہے ، کراچی میں ہیڈ آفس سمیت بکنگ آفسز اور انتظامی دفاتر بند ہیں۔ مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ قومی ائیرلائن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے فیصلے کے تحت پی آئی اے ملازمین کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ پی آئی اے ہیڈ آفس سمیت شہر بھر کے بکنگ آفسز اور انتظامی دفاتر تالہ بندی کے باعث بند ہیں۔ ہیڈ آفس کے باہر ملازمین کا مظاہرہ بھی جاری ہے۔ چئیرمین پی آئی اے سمیت کوئی ملازم دفتر میں داخل نہیں ہوسکا ، بکنگ آفس بند ہونے سے آنیوالے مسافروں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ، مظاہرین کا کہنا ہے نجکاری کا فیصلہ واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا۔ کوئٹہ میں بھی ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کر رکھی ہے۔ دفاتر کی بندش سے ٹکٹوں کی بکنگ ، کارگو اور کورئیر سروس بھی بند ہے۔ لاہور میں پی آئی اے ملازمین نے مجوزہ نجکاری کے خلاف متعدد دفاتر بند کر دئیے۔ فیصل آباد میں بھی ملازمین کا دوسرے روز احتجاج جاری ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ملازمین نے ہڑتال کرکے متعدد دفاتر بند کردئیے۔ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔