اسلام آباد ( نیوزڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف کی لندن میں مصروفیات کے باعث سکیورٹی سے متعلق وزیر اعظم ہاﺅس میں پیر کو ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ذرائع کے مطابق چار سدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس پیر کو ہونے والا تھا جس میں سکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام اور کابینہ کے سینئر وزراءنے شرکت کر نا تھی تاہم وزیر اعظم کے لند ن میں دو روزہ قیام کے باعث اب یہ اجلاس ان کی واپسی تک ملتوی کر دیا گیا ہے تاہم وزیر اعظم چار سدہ حملے کے بعد سے متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں معلوم ہوا ہے کہ پیر کو بھی وزیر اعظم نے سکیورٹی امور سے متعلق اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے تازہ ترین صورتحال بارے تفصیلات حاصل کیں اور ضروری ہدایات دیں ۔انہوںنے چار سدہ حملے میں ملوث دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اداروں کی کار کر دگی کو سراہا ۔۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے اور وہ آئندہ چند روز میں اپنی سرگرمیاں پوری طرح دوبارہ شروع کر ینگے اور اہم اجلاسوں میں بھی شریک ہونگے ۔