اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ نئی دہلی اور ممبئی میں پی آئی اے کے دفاتر کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے اور حملہ کرنیوالے شرپسندوں کیخلاف کارروائی کی جائے ،پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ معاملہ اٹھانے پر بھارتی حکومت نے اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتہاءپسندوں کے ایک گروپ نے نئی دہی میں پی آئی اے کے دفتر پر حملہ کر کے املاک کو نقصان پہنچایا اور پاکستان کی قومی ایئر لائن کے عملے کو ہراساں کیا اور دھمکیاں دیں۔ بیان کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن نے فوری طور پر بھارت کے وزارت خارجہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا اور ان سے کہا گیا کہ پی آئی اے کے نئی دہلی اور ممبئی میں دفاتر کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے اور شر پسندوں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ترجمان کے مطابق ہمیں بھارتی حکومت کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پی آئی اے کے بھارت میں موجود دفاتر کی سیکیورٹی کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔