اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے پاک چین راہداری منصوبہ عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے، سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں ، امریکا پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے، پاکستان اورامریکا کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کا امریکی بزنس کونسل کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار۔ انہوں نے کہا پاکستان اورامریکا کے درمیان تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے، امریکا کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کونسل کا دورہ پاکستان اورامریکا میں مزید تجارت کو فروغ دے گا، امریکی ایوان صنعت کے ساتھ پاکستان کی اچھی شراکت داری ہے۔ انہوں نے کہا جنوبی ایشیامیں غربت امن وامان کی صورتحال سے مشروط ہے، آپریشن ضرب عضب کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا جنوبی ایشیائی ممالک کاسب سے بڑا مسئلہ غربت ہے،جنوبی ایشیا انسانی بہبودکے حوالے سے دنیا بھرمیں سب سے پیچھے ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا 2015 میں شرح نموگزشتہ سال سالوں میں سب سے بہتر رہی، پاکستان کی داخلی سلامتی کی صورتحال سرمایہ کاری کےلئے بہتر ہوگئی ہے،گزشتہ 8 سال میں2015 میں سب سے کم دہشت گرد حملے ہوئے،ٹیکس محصولات میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت سرمایہ کاروں کوسازگارماحول فراہم کررہی ہے، امن وامان کی صورتحال بہترہونے سے معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی خسارہ 8.2 فیصد سے کم ہوکر 5.3 فیصد تک آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا معاشی ترقی کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے، عالمی ادارے پاکستان کی ریٹنگ مثبت بتا رہے ہیں۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کےلئے کام کر رہے ہیں، آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف موثر آپریشن جاری ہے، پاکستان سے دہشتگردی کے ناسورکو اکھاڑ پھینک کر ہی دم لیں گے، پاکستانی قوم نے دہشتگردی سے چھٹکارے کا تہیہ کرلیا ہے۔