اسلام آباد(نیوزڈیسک) اردن نے ملک میں متعیّن ایرانی سفیر کو طلب کرکے ان سے تہران میں سعودی سفارت خانے پر حملے اور عرب امور میں ایرانی مداخلت پر سخت احتجاج کیا ہے جبکہ عرب لیگ کے رکن ملک جبوتی نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ کے مطابق جبوتی کے وزیر خارجہ محمود علی ویسف نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات توڑ دیے ہیں۔اردن کی بطرا نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اردنی حکومت نے سفیر سے ایران کی عرب ریاستوں کے داخلی امورمیں مداخلت کی مذمت کی ہے اور سعودی عرب کے داخلی امور میں دراندازی کے آئینہ دار ایرانی بیانات کو بھی مسترد کردیا ہے۔اردنی حکومت نے ایرانی سفیر پر واضح کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی حکومت کو اردن کے موقف سے آگاہ کردیں۔اس کے علاوہ افریقی ملک جبوتی نے بھی ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کر دئیے ہیں۔