دبئی(نیوزڈیسک)تیل کی قیمتیں،آخر وہ ہوہی گیا جو گزشتہ 11 سال میں نہ ہوسکا،نئے سال کے آغاز سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی جاری ہے اور برینٹ کروڈ تیل کی قیمت گذشتہ 11 سالوں میں پہلی بار 35 ڈالر فی بیرل سے نیچے گر گئی ہے۔برینٹ کروڈ تیل کی قیمت 3.7 فیصد کی کمی کے بعد 34.83 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے جو جولائی سنہ 2004 کے بعد سے کم ترین سطح ہے۔ جولائی میں اس کی قیمت 35.07 ڈالر فی بیرل تھی۔امریکی خام تیل کی قیمت 2.5 فیصد کی کمی کے بعد 35.07 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آ گئی ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رحجان سعودی عرب کی جانب سے پیر کو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کے بعد سے جاری ہے۔خیال رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں کشیدگی سعودی حکام کی جانب سے ممتاز شیعہ عالم شیخ نمر باقر النمر کو سزائے موت دیے جانے کے بعد پیدا ہوئی ہے۔تجزیہ کاروں نے سعودی عرب اور ایران کے بگڑتے ہوتے تعلقات پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں ابتدا میں ممکنہ طور پر تیل کی سپلائی میں خلل ڈالنے اور پھر تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تحفظات ظاہر کیے گیے ہیں۔سعودی عرب کی جانب سے شیعہ عالم شیخ نمر باقر النمر کو سزائے موت دیے جانےکے بعد ان افواہوں پر قابو پا لیا گیا ہے کہ اوپیک کے ارکان تیل کی قیمتوں کو بڑھانے کے لیے اس کی پیداوار میں کمی پر متفق ہو جائیں گے۔عالمی منڈی میں سنہ 2010 سے سنہ 2014 کے وسط تک تیل کی قیمتیں 110 ڈالر فی بیرل تک رہیں تاہم اس کے بعد تیل کی قیمتوں میں 70 فیصد تک کمی آ چکی ہے۔