اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے پی ایس 76 دادو میں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی لیاقت جتوئی کی کامیابی کو کالعدم قراردیتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا حکم دیدیا۔نجی ٹی وی کے مطابق 2013 کے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 76 سے پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار پروین جونیجو کامیاب ہوئی تھیں تاہم پارٹی سے اختلافات کی بنا پر انہوں نے اپنی نشست سے استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعدالیکشن ٹریبونل نے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ن لیگ کے لیاقت جتوئی کو کامیاب قراردیا تھا۔ٹریبونل کے فیصلے کو آزاد امیدوار اصغر شیخ نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔سماعت کے دوران فاضل بینچ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر سخت تنقید کی۔یاد رہے کہ عام انتخابات میں پی پی کی امیدوار پروین جونیجو نے 56 ہزارووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی تھی جبکہ ن لیگ کے لیاقت جتوئی 22 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔