اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے رینجرزکومحدود اختیارات دینے کی سندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن آج جاری کردیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے کا فیصلہ نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ رینجرز کو آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت تعینات کیا جاتا ہے اور وزارت داخلہ کے قواعد کی روشنی میں جب بھی کسی ادارے کو کسی خاص مقصد کے تحت اختیارات دیے جاتے ہیں تو ان میں کٹوتی نہیں کی جاسکتی اوروزارت داخلہ کے قواعد میں ردو بدل بھی نہیں کیا جاسکتا۔ رینجرز کو بھی جب کہیں تعینات کیا جاتا ہے تو مکمل اختیارات دیے جاتے ہیں ورنہ تعینات نہیں کیا جاتا۔ رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے وفاق کا موقف ہے کہ سندھ اسمبلی کی قرارداد میں رینجرز کو محدود اختیارات دیے گئے جبکہ قانون کے تحت کسی ادارے کے اختیارات کو محدود نہیں کیا جاسکتا۔ اس لیے وزارت داخلہ سندھ حکومت کی درخواست مستردکرنےکانوٹیفکیشن آج جاری کردے گی