واشنگٹن (آئی این پی ) امریکہ نے پاک بھارت امن کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف اور نریندر مودی مذاکرات کے لئے سنجیدہ ہیں،خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کو تعاون کرنا ہو گا۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی نے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کا حالیہ دورہ اسلام آباد اچھی پیش رفت ہے۔ برسوں سے امریکا کا یہ موقف رہا ہے کہ پاکستان اور بھارت بات چیت سے تمام تنازعات خود حل کریں۔ جان کربی نے کہاکہ ایک عشرے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ دہشتگرد کارروائیوں سے خود پاکستان اور افغانستان سمیت پورا خطہ متاثر ہے، دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کوششیں قابل تعریف ہیں، پاکستان اور بھارت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں رہنا چاہئے۔ جان کربی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کوششیں سنجیدہ ہیں اور یہ عمل قابل تعریف ہے۔