اسلام آباد(سپیشل رپورٹ)بری افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ہفتے کو اچانک شمالی وزیرستان کے دوروزہ طوفانی دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے امن اور پاکستان کے عوام کے دشمنوں سے مردانہ و ار برسرپیکار اپنے جوانوں اور افسروں سے ملاقاتیں کیں۔ شمالی وزیرستان میں درجہ حرا رت رات کو نقطہ انجماد سے نیچے گر جاتا ہے جنرل راحیل نے دن اپنی سپاہ کیساتھ گزارااور وہ رات بھی ان کے ساتھ میدان کارزار رہے اس علاقے میں بسر کرینگے۔ آپریشن ضرب عضب شروع ہونے اور اس میں تیزی آنے کے بعد وہ پانچویں مرتبہ شمالی وزیرستان گئے ہیں جنرل ر احیل کی مسلح افواج میں شہرت مین آف ایکشن کی ہے انہیں فیلڈ میں رہنے والا کمانڈر سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی فوج کی کسی بھی کارروائی میں مشکل ترین لمحات کے دوران اپنی موجودگی کو یقینی بناتے ہیں۔ شمالی وزیرستان کو دنیا بھر کے عسکری ماہرین غیر رو ایتی لڑائی کے لئے دشوار ترین علاقہ قرار دیتے آئے ہیں ۔گزشتہ ایک عشرے سے جاری غیر روایتی جنگ میں جنرل راحیل کے پیشرو نے اس علاقے میں موجود خطرات کی و جہ سے یہاں رخ کرنے سے گریز کیا ۔