اسلام آباد(آئی این پی ) غیر سرکاری تنظیموں کی سرگرمیوں پر نئی پابندیاں عائد کر دی گئیں۔ کسی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے، سیاسی جماعتوں کو فنڈز یا وسائل فراہم کرنے پر پابندی ہوگی،منی لانڈرنگ یا دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کا بیان حلفی جمع کرانا ہوگا،این جی او کے ڈائریکٹر یا رکن کو بیان حلفی دینا ہوگا کہ وہ منی لانڈرنگ یا دہشت گردوں کی مالی امداد سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے غیر سرکاری تنظیموں پر نئی پابندیوں کے جاری سرکلر کے مطابق نئی شرائط کے تحت نئی یا پہلے سے رجسٹرڈ این جی اوز پر بالواسطہ یا بلاواسطہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ہوگی۔ این جی اوز میں شامل افراد کسی سیاسی عہدے کے حصول یا کسی سیاسی جماعت کیلئے مہم نہیں چلا سکیں گے۔ این جی اوز پر کسی سیاسی جماعت کوفنڈز یا وسائل فراہم کرنے پر بھی قدغن ہوگی۔ این جی او کے ڈائریکٹر یا رکن کو بیان حلفی دینا ہوگا کہ وہ منی لانڈرنگ یا دہشت گردوں کی مالی امداد سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔ مزید یہ کہ وہ کسی قسم کے قرض کا ڈیفالٹر نہیں۔ کسی این جی او کے ڈائریکٹر کی تقرری سے متعلق ہونے والے اجلاس کا ریکارڈ بھی فراہم کرنا ہوگا۔ غیر ملکی ڈائریکٹر ہونے کی صورت میں شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کی نقل فراہم کرنا ہوگی۔ نئی شرائط کے تحت این جی او کا ڈائریکٹر یا پروموٹر اپنے رشتہ داروں کو ملازم نہیں رکھ سکے گا اور نہ ہی زیلی این جی او بنا کر کسی رشتہ دار کو مالی فائدہ پہنچایا جائے گا۔