اسلا م آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خا ن نے احتساب کے لئے سب سے پہلے خود کوپیش کردیا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پارلیمنٹ پورے پاکستان کی سوچ اور مفادات کی عکاسی کرتی ہے، کچھ عرصہ سے اس ایوان کی کارروائی سے ممبران کا فوکس کم ہو رہا ہے، عوام کا فوکس بھی کم ہو رہا ہے اس کو بحال کرنے کیلئے میری تجویز ہے کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے۔وفاقی وزیرداخلہ نے گزشتہ روزقومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پراظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ہر وزیر اپنی کارکردگی رپورٹ ایوان میں پیش کرے اور اس پربحث ہو، گیلری سے نہ کھیلیں عوامی مسائل پر بحث کریں، دونوں جانب کے نمائندے عوام کے منتخب نمائندے ہیں، یہاں تنقید ہوگی مشورے آئیں گے احتساب ہوگا، حکومت ٹائم لائن دے گی اس سے عوام کا اعتماد بڑھے گا اگر ایوان اس کی تائید کرے تو میں پیشکش کرتا ہوں کہ آغاز وزارت داخلہ سے کیا جائے، میری جو آئینی ذمہ داری ہے صرف اس پر بات کی جائے۔ میں وزیراعظم سے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہر وزیر کی کارکردگی کابینہ میں پیش کی جائے، ایک دو وزارتوں کی کارکردگی پیش بھی ہوئی لیکن کام رک گیا۔ یہ ایوان جرگہ ہے اصل فورم ہے جس پر کھلی بحث ہونی چاہئے لے دے ہونی چاہئے، احتساب ہونا چاہئے۔