منگل‬‮ ، 24 ‬‮نومبر‬‮ 2026 

پہلی جنگ عظیم بوسنیا سے سٹارٹ ہوئی

datetime 24  ‬‮نومبر‬‮  2026

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے مفت نہیں ہے‘ آپ ماہانہ 10300 یا 5300 روپے ادا کر کے ہمارے مستقل واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں جہاں آپ کو جاوید چودھری کے کالم وقت سے پہلے اور اشتہارات کے بغیر ملیں گے‘ ہمارا واٹس ایپ گروپ ایکٹو ہو چکا ہے‘اس گرو پ میں جاوید چودھری صاحب بھی شامل ہیں‘ آپ جاوید چودھری صاحب سے کالم سے متعلق سوال بھی کر سکتے ہیں‘ وہ خود آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ آپ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے موبائل نمبر   5362221  92332+پر امجد خلیفہ سے رابطہ کر سکتے ہیں لیکن آپ اگر مستقل ممبر نہیں بننا چاہتے تو بھی آپ کو اخلاقی طور پر اس تحریر کی کچھ نہ کچھ پے منٹ ضرور کرنی چاہیے‘ آپ خود اس تحریر کی قیمت کا فیصلہ کر کے اپنی رقم  5366774 0310موبائل نمبر پر جمشید خان کو ایزی پیسہ کر سکتے ہیں۔

 

 پہلی جنگ عظیم بوسنیا سے سٹارٹ ہوئی

بوسنیا ایسٹرن یورپ کا پہاڑی ملک ہے‘ پورے ملک میں پہاڑیاں‘ آب شاریں‘ ندیاں‘ دریا اور جھیلیں ہیں‘ شہر‘ قصبے اور دیہات وادیوں اور جنگلوں کے درمیان ہیں‘ سردیوں میں شدید سردی اور برف باری ہوتی ہے جب کہ گرمیاں خوش گوار ہوتی ہیں‘ سراجیو دارالحکومت ہے‘ آپ اس سے باہر نکلیں تو دور دور تک چرا گاہیں اور گھنے جنگل دکھائی دیتے ہیں‘ آبادی صرف 32 لاکھ ہے‘ مسلمان اکثریت میں ہیں‘ یہ کل آبادی کا 50فیصدہیں جب کہ 30فیصد سرب اور 15فیصد کروٹ ہیں‘ سراجیو میں درجن سے زائد بڑی مسجدیں ہیں‘ ان میں پانچ وقت اذان اور نماز ہوتی ہے اور یہ نمازیوں سے بھری ہوتی ہیں‘ لوگ سرخ وسپید اور دراز قد ہیں‘ جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں‘ بوسنیا یورپ کے مقابلے میں سستا ہے‘ بوسنین کباب پوری دنیا میں مشہور ہیں‘ یہ لوگ دودھ کی بالائی‘ مکھن‘ شہد اور گوشت کازیادہ استعمال کرتے ہیں‘ خواتین بہت خوب صورت‘ سلیقہ شعار اور بااعتماد ہیں‘ یہ ملک 415 سال عثمانی سلطنت کا حصہ رہا‘ اسلام اس دور میں یہاں پھیلا‘ بوسنین اس سے قبل کٹڑ عیسائی تھے‘ آج بھی شہر میں آرتھوڈاکس اور کیتھولک چرچ موجود ہیں‘ سراجیو میں سات ہزارکے قریب یہودی بھی ہیں‘ یہ عربی یہودی ہیں اور غرناطہ کے سقوط کے بعد سپین سے استنبول اور وہاں سے بوسنیا آ گئے‘ شہر کے قدیم حصے میں ان کا سیناگوگ ہے‘ یہ آزادانہ طریقے سے یہاں عبادت کرتے ہیں‘ سراجیو میں مسلمان‘ عیسائی اور یہودی اکھٹے رہ رہے ہیں‘ اس وجہ سے اسے یورپی یروشلم بھی کہا جاتا ہے‘ اس شہر کی ایک اور انفرادیت پہلی جنگ عظیم ہے‘ یہ جنگ اس شہر سے ایک گاڑی کے غلط ٹرن لینے کی وجہ سے شروع ہوئی تھی‘ یہ واقعہ انتہائی دل چسپ ہے لیکن اس سے قبل آپ کے لیے اس کی بیک گرائونڈ جاننا ضروری ہے۔

بوسنیا سلطان محمد دوم کے زمانے میں فتح ہوا اور 1887ء تک عثمانیوں کے قبضے میں رہا‘ 1880ء میںسلطان عبدالحمید اول کے دور میں عثمانی سلطنت کم زور ہونے لگی جس کے نتیجے میں مشرقی یورپ پر عثمانیوں کی گرفت کم زور پڑنے لگی‘ 1887ء میں جرمنی کے شہر برلن میں پانچ بڑی طاقتوں آسٹریا‘ برطانیہ‘ فرانس‘ جرمنی اور اٹلی کے شاہی نمائندوں کی میٹنگ ہوئی‘ برلن معاہدہ ہوا اور اس کے تحت بوسنیا کو آسٹرین ہنگرین ریاست کا حصہ قرار دے دیا گیا‘ اس زمانے میں آسٹرین ہنگرین یورپ کی سب سے بڑی اور مضبوط ریاست تھی‘ اس کا دارالحکومت ویانا تھا‘ ہنگری بھی اس کا حصہ ہوتا تھا‘ آسٹرین شہزادیاں پورے یورپ کے شاہی خاندان میں بیاہی ہوئی تھیں‘ ان میں سے آدھی سے زیادہ اس وقت تک ملکائیں بن چکی تھیں لہٰذا عملاً یورپ پر ان کی حکمرانی تھی‘ روس کا زار خاندان بھی ان کی اولاد تھا‘ 1880 ء کی دہائی میں بڑی جنگ کے آثار دکھائی دے رہے تھے چناں چہ بالکل آج کی طرح مختلف ریاستوں کے اتحاد بن رہے تھے‘ روس‘ برطانیہ‘ فرانس‘ جرمنی اور اٹلی خلافت عثمانیہ کے خلاف اکٹھے ہو چکے تھے‘ آسٹریا نے 1887ء کے برلن معاہدے کے بعد بوسنیا کی ولایت پر قبضہ کر لیا‘ یورپ کی پانچ ریاستوں نے پہلے بوسنیا کو آسٹرین ہنگرین ریاست کا حصہ قرار دے دیا اور پھر آج کے سربیا اور بوسنیا کو ملا کر سربیا کے نام سے نئی ریاست بنا دی‘ عثمانیوں نے یہ ریاست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد سراجیو شہر دو حصوں میں تقسیم ہو گیا‘ ایک حصہ ترکوں کے پاس چلا گیا جب کہ دوسرے پر آسٹرین ہنگرین ریاست قابض ہو گئی‘ یہ تقسیم آج بھی موجود ہے‘ ہم جب سنٹر میں پہنچے تو وہاں مشرق اور مغرب (ایسٹ اینڈ ویسٹ) کا میٹنگ پوائنٹ تھا‘ سیاہ رنگ کی لکیر دو ادوار اور دو تہذیبوں کو کاٹ کر الگ کر رہی تھی‘ پچھلی سائیڈ پر ترک دکانیں‘ گھر‘ درگاہیں اور مسجدیں تھیں جب کہ اگلی سائیڈ پر یورپی سٹائل کی عمارتیں‘ فلیٹس‘ دکانیں‘ چرچ اور ریستوران تھے‘ اس مقام کو ’’میٹنگ پوائنٹ آف کلچرز‘‘ کہتے ہیں (آپ نیچے دیے گئے لنک پر جا کر اس مقام کی پوری ویڈیو دیکھ سکتے ہیں)۔

https://www.youtube.com/watch?v=cyF7nCZqOGg
بہرحال قصہ مختصر 1914ء میں بوسنیا کے نوجوانوں نے ’’ینگ بوسنیا‘‘ کے نام سے آزادی کی تحریک شروع کر دی‘ ایسٹرن یورپ کے لوگ سلواک نسل سے ہیں‘ یہ لوگ روس اور یورپ کے انتہائی ٹھنڈے علاقوں میں آباد ہیں‘ یہ ینگ بوسنیا بعدازاں ینگ سلواک اور پھر ’’یوگو سلواکیہ‘‘ بن گئی‘ یہ لوگ آسٹرین ہنگرین تخت سے آزادی چاہتے تھے‘ 1910ء سے 1914ء کے درمیان چند نوجوانوں نے ’’بلیک ہینڈ‘‘ کے نام سے نئی عسکری تنظیم بنا لی جو سیاسی کی بجائے عسکری جدوجہد پر یقین رکھتی تھی۔ تنظیم کے چھ نوجوانوں نے 28 جون 1914ء کو آسٹریا کے ولی عہد فرانز فرڈیننڈ پر حملے کا فیصلہ کیا‘ شہزادہ فرڈیننڈ اپنی بیوی کے ساتھ ٹائون ہال میں سراجیو کی اشرافیہ سے خطاب کے لیے آیا تھا‘ بلیک ہینڈ کے چھ نوجوان بم‘ خنجروں اور پستول سے لیس تھے اور شہزادے پر حملہ کرنا چاہتے تھے‘ شہزادے کو موت سراجیو کھینچ لائی تھی‘بوسنیا کے حالات ٹھیک نہیں تھے‘ وہاں آئے روز آسٹرین افسروں پر حملے ہوتے رہتے تھے‘ شہزادے کے سٹاف نے اسے دورے سے منع کیا‘ وہ مان بھی گیا لیکن عین ایک دن قبل اس نے سراجیو جانے کا فیصلہ کر لیا‘ اس کی بیوی صوفیا کبھی اس کے ساتھ دورے پر نہیں گئی تھی لیکن وہ بھی اس دن اس کے ساتھ تیار ہو گئی‘ شہزادہ اوپن کار میں بیٹھا تھا تاکہ یہ ہاتھ ہلا کر لوگوں کو اپنی بہادری اور محبت کا یقین دلا سکے‘ شہزادے کا قافلہ دریا کے ساتھ ساتھ چل رہا تھا‘ یہ جب لیٹن برج (لاطینی برج) کے قریب پہنچا تو نیڈیلکوکیبری نووک نے اس کی گاڑی پر گرنیڈ پھینک دیا‘ خوش قسمتی سے نشانہ چوک گیا اور بم گاڑی کے بونٹ سے ٹکرا کر پیچھے گر گیا‘ پچھلی گاڑی میں شہزادے کا سٹاف تھا‘ گرنیڈ اس میں پھٹ گیا جس سے 20 لوگ زخمی ہو گئے‘ ان میں شہزادے کے اے ڈی سی بھی شامل تھے‘ حملہ آور نے اس کے بعد سائنائیڈ کا کیپسول نگل کر دریا میں چھلانگ لگا دی لیکن وہ اس کے باوجود بچ گیا اور پکڑا گیا‘ دوسری طرف شہزادے کو فوری طور پر ٹائون ہال پہنچا دیا گیا‘ یہ لیٹن برج سے چند سو گز کے فاصلے پر تھا‘ شہزادہ مضبوط اعصاب کا مالک تھا‘ اس نے وہاں سراجیو کے عوام سے خطاب کیا اور آخر میں گورنر سے شکایت کی ’’آپ لوگ مہمانوں کا استقبال بموں سے کرتے ہیں‘‘ تقریب ختم ہونے کے بعد شہزادے نے ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کا اعلان کر دیا‘ گورنرآسکرپوٹیوریک کو اس پر اعتراض تھا‘ اس کا کہنا تھا ’’شہر کے حالات ٹھیک نہیں ‘ آپ کو واپس چلے جانا چاہیے‘‘ یہ سن کر شہزادے نے قہقہہ لگایا اور کہا’’کیا پورا سراجیو باہر بم لے کر کھڑا ہے؟‘‘ گورنر اسے سمجھاتا رہ گیا لیکن شہزادے نے عیادت کے بغیر واپس جانے سے انکار کر دیا‘

گورنر نے اس کے بعد فوج بلانے کی تجویز دے دی‘ اس کا کہنا تھا آپ ہمیں چند گھنٹے دے دیں‘ ہم گزر گاہوں کی نگرانی کے لیے فوج منگوا لیتے ہیں‘ فوج کو یونیفارم پہننے‘ اسلحہ لینے اور شہر پہنچنے کے لیے وقت درکار تھا‘ شہزادے کو جلدی تھی یوں معاملہ پھنس گیا جس کا حل مروجہ روایت کے مطابق ووٹنگ کے ذریعے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا‘ ووٹنگ ہوئی تو اکثریت فوج کے انتظار کی حامی نکلی لیکن آخر میں شہزادے اور اس کی اہلیہ نے اکثریت کی مخالفت میں ہاتھ کھڑا کر دیا‘ اس ہاتھ نے شہزادے کی موت پر مہر لگا دی‘ بہرحال شہزادے کا قافلہ ایک بار پھر روانہ ہوا‘ سیکورٹی کے انتظامات اور شہزادے کی روانگی کے روٹس بدل دیے گئے لیکن کیوں کہ اس زمانے میں ’’واکی ٹاکی‘‘ نہیں تھے اور وی آئی پی موومنٹ اشاروں کے ذریعے ہوتی تھی چناں چہ سیکورٹی سٹاف کو بروقت اطلاع نہیں دی جا سکی‘ شہزادے کی گاڑی دوبارہ ’’لیٹن برج‘‘ کے قریب پہنچ گئی‘ اس لمحے سیکورٹی کو دوسرے روٹ کا اشارہ کر دیا گیا‘ ڈرائیور کنفیوژ ہو گیا اور اس نے گاڑی دائیں جانب موڑ دی‘ یہ گلی آگے سے بند تھی‘ ڈرائیور کو جب اس کا احساس ہوا تو اس نے گاڑی ’’ری ورس‘‘ کرنا شروع کر دی‘ ڈرائیور اور شہزادہ دونوں اس وقت یہ نہیں جانتے تھے ’’لیٹن برج‘‘ کے کونے میں کھڑے نوجوان کا نام پرنسپ گاوریلو (Gavrillo) ہے اور اس کی جیب میں پستول ہے‘ پرنسپ کی عمر اس وقت 19 سال تھی‘ وہ بلیک ہینڈ کا ممبر اور شہزادے کے قتل پر معمور چھ نوجوانوں کے سکواڈ میں شامل تھا‘ وہ شہزادے کے بم حملے میں بچ جانے پر اداس تھا اور لیٹن برج کے قریب شلرز ڈیلی کیٹسن جوزف سٹریٹ کے پاس مایوسی کے عالم میں ٹیک لگا کر کھڑا تھا‘ شہزادے کی واپسی اور اس گلی میں داخلے کا کوئی امکان نہیں تھا لیکن آپ اس کی بدقسمتی دیکھیے‘ موت اسے کھینچ کر اس گلی میں لے آئی‘ ڈرائیور نے گاڑی کو غلط گلی میں موڑ دیاتھا اور وہ اسے ری ورس کر کے عین اس مقام پر لے آیا تھا جہاں پرنسپ کھڑا تھا‘پرنسپ نے فوراً پستول نکالا‘ گاڑی کی طرف نشانہ لیا اور فائر کر دیا‘

پستول سے دو گولیاں نکلیں‘ ایک شہزادے کی گردن پر لگی اور دوسری شہزادی کے پیٹ میں پیوست ہو گئی‘ شہزادی حاملہ تھی‘ اس کے پیٹ سے خون کے فوارے نکلنے لگے جب کہ شہزادہ شدید زخمی ہو گیا‘ پرنسپ کا اگلا نشانہ گاڑی میں سوار گورنرآسکرپوٹیوریک تھا لیکن سیکورٹی اہلکاروں نے اسے تیسری گولی چلانے سے پہلے دبوچ لیا‘ شہزادی صوفیا موقع پر دم توڑ گئی جب کہ شہزادے کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا لیکن وہ کثرت سے خون بہہ جانے کی وجہ سے جاں بر نہ ہو سکا اور ہسپتال میں دم توڑ گیا‘ یہ دو گولیاں آگے چل کر اس پہلی جنگ عظیم کا آغاز ثابت ہوئیں جس میں پانچ کروڑ لوگ مر گئے‘ عثمانی خلافت کا خاتمہ ہو گیا اور دنیا میں 68 نئے ممالک نے جنم لے لیا‘ کیسے ؟ یہ میں اگلے کالم میں عرض کروں گا (جاری ہے)۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



پہلی جنگ عظیم بوسنیا سے سٹارٹ ہوئی


  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بوسنیا میں چار دن

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

ورنہ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

خود کشی سے پہلے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو (دوسرا حصہ)

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بیوی کو بھی پتا نہیں چلنا چاہیے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

تیسری پینٹنگ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

قید بھی نعمت ہوتی ہے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

سٹوڈنٹ لسٹ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

Mind The Gape

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…