پیانگ یانگ/واشنگٹن(این این آئی)شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکی صدر ٹرمپ کی فون کالز اور خط کا جواب دینے سے انکار کر دیا جبکہ ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کی تازہ کوشش بھی ناکام ہوگئیں۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قائم شدہ ٹیلی فون لائنز اور رابطہ چینلز کے ذریعے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم دوسری جانب سے کسی نے جوابی کال نہیں کی۔اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد صدر ٹرمپ نے کم جونگ ان کو ایک خط تحریر کیا لیکن اصل مسئلہ یہ خط کم جونگ ان تک پہنچانا تھا۔رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاس کے حکام نے ایک منصوبہ بنایا جس کے تحت ایک گروپ کو مین ہٹن میں اقوامِ متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہر انتظار کرنے کے لیے بھیجا گیا۔ جب ایک شمالی کوریائی سفارت کار وہاں سے گزرا تو اس گروپ نے لپک کر خط اس کے ہاتھوں میں تھما دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بعد ازاں اقوامِ متحدہ کے ایک اجلاس میں اس سفارت کار نے وہ بغیر کھلا خط ایک امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا۔صدر ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے دوران دونوں رہنماں نے 3 بار ملاقات کی تھی اور جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ ان کے مذاکرات کا مرکزی نکتہ تھا۔ اخبار کے مطابق اب ایسا دکھائی دیتا ہے کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر نہ تو اپنا جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ترک کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ ہی ٹرمپ کے ساتھ دوستی رکھنے کے خواہشمند ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں ہفتے ایشیا کے دورے کے موقع پر کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات کی ٹرمپ کی تازہ کوشش بھی ناکامی سے دوچار ہوئی۔
مذاکرات سے باخبر افراد کے مطابق دونوں فریقوں نے آخری لمحات میں آمنے سامنے بات چیت کے امکان کا جائزہ لیا لیکن کم جونگ ان نے ایسی شرائط رکھ دیں جنہیں امریکا قبول نہیں کر سکتا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ملاقات کے لیے ٹرمپ کی کوششیں اور کم جونگ ان کی خاموشی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار ترک کرنے پر آمادہ کرنے میں امریکا کی ناکامی کا تسلسل ہے۔ اخبار کے مطابق امریکا کو اب اس حقیقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری حیثیت ناقابلِ واپسی ہے۔ گزشتہ سال امریکی انٹیلی جنس کے اپنے سالانہ خطرات کے جائزے میں بھی یہ اعتراف کیا گیا تھا کہ کم جونگ ان کا اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے پروگراموں پر سودے بازی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
سال 2019 میں ٹرمپ کے ساتھ آخری ملاقات کے بعد سے اب تک کم جونگ ان کے زیرِ کنٹرول جوہری ہتھاروں کا ذخیرہ 20 سے 30 جوہری وار ہیڈز سے بڑھ کر اندازا 60 وار ہیڈز تک پہنچ چکا ہے اور اس کے ٹھوس ایندھن والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل امریکا تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اخبار کے مطابق کم جونگ ان اب اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ امریکا شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرے۔



















































