اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بیرون ملک پاکستانی تجارتی مشنز میں تعیناتی کے خواہشمند سرکاری ملازمین کے لیے حکومت نے نئی میرٹ پالیسی جاری کر دی ہے،
جس میں انتخاب کے عمل کو مزید سخت بناتے ہوئے تحریری امتحان، عملی مہارت کے ٹیسٹ اور انٹرویو کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔نئی پالیسی کے تحت کمرشل اسسٹنٹس، ڈرائیورز، سیکیورٹی گارڈز اور دیگر عملے کی بیرون ملک تعیناتی مقررہ اہلیت اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق کی جائے گی۔ کمرشل اسسٹنٹس کے انتخاب میں تحریری امتحان کے 60 فیصد، انٹرویو کے 30 فیصد اور سابقہ ملازمت کی کارکردگی کے 10 فیصد نمبر شمار ہوں گے۔ تحریری امتحان کے لیے 70 جبکہ مہارت کے ٹیسٹ کے لیے 30 نمبر مختص کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 50 فیصد سے کم نمبر لینے والے امیدوار انتخاب کے اہل نہیں ہوں گے۔امیدواروں کو اسلام آباد میں پٹاد (PETAC) کے زیر اہتمام امتحان میں شرکت کرنا ہوگی۔ کامیاب قرار پانے والے ملازمین کے لیے بیرون ملک روانگی سے پہلے چار ہفتوں کی لازمی تربیت مکمل کرنا بھی ضروری ہوگا۔ڈرائیورز اور میسنجر کم ڈرائیورز کی تعیناتی کے لیے سنیارٹی کے ساتھ اہلیت کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
امیدوار کے پاس کم از کم پانچ سال پرانا اور مؤثر ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ کے دوران جی پی ایس اور گوگل میپس کے استعمال سے متعلق صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔حکومتی پالیسی میں بیرون ملک تعیناتی کے لیے وزارت تجارت میں کم از کم پانچ سال مسلسل ملازمت کی شرط رکھی گئی ہے۔ ایک تعیناتی کی عمومی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ بیرون ملک سے واپس آنے والے ملازمین دو سال کا وقفہ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ تعیناتی کے لیے درخواست دے سکیں گے۔نئے قواعد کے مطابق دو مرتبہ بیرون ملک خدمات انجام دینے والے ملازمین کو تیسری مرتبہ تعیناتی کا موقع نہیں دیا جائے گا۔
اسی طرح کسی ایک تجارتی مشن میں مسلسل چھ سال گزارنے والے اہلکار بھی دوبارہ اسی عمل کے لیے نااہل تصور ہوں گے۔پالیسی میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ محکمانہ انکوائری، بڑی نوعیت کی سزاؤں یا غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل ملازمین بیرون ملک تعیناتی حاصل نہیں کر سکیں گے۔ روانگی سے قبل سیکیورٹی کلیئرنس اور طبی طور پر فٹ ہونے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہوگا۔ ملازمین کے ساتھ بیرون ملک جانے والے اہل خانہ کے لیے بھی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔



















































