اسلام آباد/لاہور( این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نئے ٹیکس دہندگان کے لیے 25ہزار روپے کا سرچارج ختم کرتے ہوئے انہیں اضافی فیس کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق سرچارج سے چھوٹ حاصل کرنے کے لیے ٹیکس دہندگان کو آئندہ چھ ماہ تک جائیداد نہ خریدنے کی شرط پوری کرنا ہوگی۔ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کے خواہشمند افراد کو ایف بی آر کے پاس انڈرٹیکنگ جمع کرانا ہوگی، جس کے لیے ادارے نے نیا فارم اے ٹی ایل یو متعارف کرا دیا ہے۔ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس سسٹم کے ذریعے الیکٹرانک انڈرٹیکنگ جمع کرا سکیں گے۔نئے طریقہ کار کے تحت انڈرٹیکنگ جمع کرانے کے بعد چھ ماہ تک جائیداد خریدنے یا حاصل کرنے پر پابندی ہوگی، جبکہ اس دوران ٹیکس دہندگان کی جانب سے جائیداد کی خریداری کی نگرانی بھی کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق اگر کوئی ٹیکس دہندہ چھ ماہ کی مقررہ مدت کے دوران جائیداد خریدتا یا حاصل کرتا ہے تو اسے دی گئی سرچارج کی چھوٹ ختم ہو جائے گی۔اس اقدام کے تحت نئے ٹیکس دہندگان کو 25ہزار روپے کے سرچارج کی ادائیگی کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔



















































