اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمان نے غیر ملکی ملازمین کے لیے ملازمت ختم ہونے پر ادا کی جانے والی گریجویٹی کا موجودہ طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے تحت پرانے نظام کی جگہ پروویڈنٹ فنڈ اسکیم متعارف کرائی جائے گی، جس کا نفاذ 19 جولائی 2027 سے ہوگا۔عمان آبزرور کی رپورٹ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ملک میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں اور اداروں کو اپنے ہر غیر ملکی ملازم کی بنیادی تنخواہ کا 9 فیصد ماہانہ پروویڈنٹ فنڈ میں جمع کرانا ہوگا۔نئی اسکیم شروع ہونے کے بعد اس کے دائرہ کار میں آنے والی ملازمت کی مدت کے لیے گریجویٹی کے بجائے پروویڈنٹ فنڈ کی رقم اور اس پر حاصل ہونے والا منافع ملازمین کو ادا کیا جائے گا۔ ادائیگی کا طریقہ کار سوشل پروٹیکشن قانون میں طے کردہ ضوابط کے مطابق ہوگا۔نئے نظام کے نفاذ سے پہلے ملازمین کی جمع ہونے والی گریجویٹی کی ادائیگی کے لیے آجروں کو تین طریقے اختیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
پہلے طریقے کے تحت کمپنی پرانی گریجویٹی کی رقم اپنے پاس برقرار رکھ سکے گی اور ملازم کی ملازمت ختم ہونے پر لیبر قانون کے مطابق اس وقت کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر ادائیگی کرے گی۔دوسرے آپشن میں آجر کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ سابقہ سروس کے دوران جمع ہونے والی گریجویٹی ملازم کے نام سے سوشل پروٹیکشن فنڈ میں منتقل کردے۔تیسرے طریقہ کار کے مطابق پروویڈنٹ فنڈ اسکیم کے آغاز پر پرانی گریجویٹی کی مکمل رقم براہِ راست متعلقہ ملازم کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی جا سکے گی۔



















































