بیونس آئرس (این این آئی)ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈو نے انہیں جذباتی انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
لیونل میسی نے ارجنٹینا کے لیے اپنا آخری میچ بینن کے خلاف کھیلا جس میں انہوں نے اپنی قومی ٹیم کو ایک گول اور 2 اسسٹس کی مدد سے 0-3 سے فتح دلائی۔ 39سالہ اسٹار فٹبالر نے اس میچ کے ساتھ ارجنٹینا کے لیے اپنے21 سالہ انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام کیا۔لیونل میسی نے میچ کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے ارجنٹینا کی جرسی ابھی سے یاد آنے لگی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ درست ہے۔کرسٹیانو رونالڈو نے اس پوسٹ پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ارجنٹینا کی نمائندگی کرتے ہوئے لیونل میسی نے ایسی تاریخ رقم کی ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو گزشتہ 2 دہائیوں سے فٹبال کے میدان میں ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں، دونوں نے بالخصوص اسپین میں بارسلونا اور ریال میڈریڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک دوسرے سے سخت مقابلہ کیا لیکن وقت کے ساتھ ان کے درمیان باہمی احترام بھی نمایاں رہا ہے۔39 سالہ فٹبالر ارجنٹینا کی جانب سے 208 میچز کھیلنے والے، سب سے زیادہ کیپ رکھنے والے اور ریکارڈ گول اسکورر کھلاڑی کے طور پر رخصت ہوئے۔واضح رہے کہ لیونل میسی کلب فٹبال میں فی الحال انٹر میامی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔



















































