اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب میں فضائی آلودگی اور سڑکوں پر دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس اور پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) مل کر ایسی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں گے جو شاہراہوں پر آلودگی کا باعث بن رہی ہیں۔اس سلسلے میں ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز سید ندیم عباس کی جانب سے صوبے کے تمام چیف ٹریفک افسران اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایات پر مشتمل مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور ای پی اے مشترکہ طور پر مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کی جانچ کریں۔ کارروائی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تینوں اداروں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا کہا گیا ہے۔حکام نے ریت، بھوسہ اور تعمیراتی ملبہ لے جانے والی کھلی گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔ تعمیراتی سامان منتقل کرنے والی گاڑیوں میں موجود مواد کو ترپال سے ڈھانپنا ضروری ہوگا تاکہ دوران سفر مٹی، ریت یا دیگر اشیا سڑکوں پر گرنے سے بچ سکیں۔مراسلے کے مطابق گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس اور بیک لائٹس فعال حالت میں ہونا لازمی ہے، جس میں موٹر سائیکلیں بھی شامل ہیں۔
اسی طرح کمرشل گاڑیوں، ہیوی ٹرانسپورٹ، لوڈرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر ریفلیکٹو ٹیپ اور اسٹیکرز نصب کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ٹریفک حکام کو اوور اسپیڈنگ، ریسنگ اور خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ دھند سے متاثرہ علاقوں میں کیریج وے اور سڑک کے شولڈرز پر بھاری گاڑیوں کی پارکنگ کی اجازت نہ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈرائیورز کو دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہیں گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے، رفتار کم رکھنے اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنانے سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔



















































