اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی سرکاری اداروں میں بھرتیوں کے قواعد کی منظوری کا عمل بہتر بنانے کے لیے وفاقی پبلک سروس کمیشن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے سیکرٹریز کو بھیجے گئے مراسلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بھرتی قواعد سے متعلق متعدد کیسز مطلوبہ دستاویزات مکمل کیے بغیر کمیشن کو ارسال کیے جارہے ہیں۔کمیشن کے مطابق جب کوئی کیس نامکمل ریکارڈ کے ساتھ موصول ہوتا ہے تو اسے ضروری دستاویزات کی تکمیل کے لیے متعلقہ وزارت یا ڈویژن کو واپس کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں منظوری کا عمل غیر ضروری طور پر طویل ہوجاتا ہے۔مراسلے میں تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ بھرتی قواعد کے کیسز ای آفس کے ذریعے مکمل دستاویزات اور ریکارڈ کے ساتھ ایف پی ایس سی کو بھجوائے جائیں۔
کیس ارسال کرتے وقت ضمیمہ ’’اے‘‘ میں درج تمام مطلوبہ دستاویزات شامل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔وفاقی پبلک سروس کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نامکمل ریکارڈ کے ساتھ موصول ہونے والے کیسز پر کارروائی آگے نہیں بڑھائی جائے گی اور ایسے معاملات مزید دستاویزات کے لیے متعلقہ وزارت یا ڈویژن کو واپس کردیئے جائیں گے۔



















































