اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے نوجوان نسل کو دہشت گردی سے بچانے اور مثبت سرگرمیوں کے لئے ملک بھر میں یونین کونسل سطح پر کھیل کے میدان تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے ملک بھر میں سروے کرایا جائے گا اور اراضی کے حصول کے بعد کھیل کے میدان تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت 50 ارب سے ڈیڑھ کھرب تک خرچ کرے گی ۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے لئے نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اب ایک اور شاندار منصوبہ بھی بنایا ہے کہ جس کے تحت یونین کونسل سطح پر کھیلوں کے میدان بنائے جائیں گے ۔ جس میں کرکٹ ، ہاکی سمیت دیگر انڈوو گیمز بھی شامل ہوں گی ۔ پہلے مرحلے میں ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی بعدازاں اس کا دائرہ کار دیگر تمام چھوٹے شہروں تک بھی پھیلایا جائے گا اور قومی سطح کے اسٹیڈیمز بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔