اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 53 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 700 روپے بڑھ گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے مقرر ہوگئی ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 29 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے تک پہنچ گئی۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت بڑھ کر 4 ہزار 305 ڈالر ہوگئی۔قیمتی دھاتوں میں سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 126 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 963 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 108 روپے بڑھ کر 5 ہزار 969 روپے ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق سونے کو طویل عرصے سے سرمایہ کاری کے نسبتاً محفوظ ذرائع میں شمار کیا جاتا ہے۔ معاشی یا سیاسی غیر یقینی، مہنگائی اور دیگر مالیاتی خطرات کے دوران سرمایہ کار اکثر سونے کی جانب رخ کرتے ہیں، جس سے اس کی طلب اور قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔تاریخی طور پر بھی سونے کو دولت اور قدر محفوظ رکھنے کے ذریعے کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ دیگر سرمایہ کاری کے شعبوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے پر سونے کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بین الاقوامی نرخ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی ہے۔



















































