اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر اور گورنر گلگت بلتستان کی دوہری ذمہ داری سے برجیس طاہر فارغ‘ میر غضنفر آف ہنزہ کو گورنر گلگت بلتستان لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔جمعہ کے روز ہنزہ سے تعلق رکھنے والے میر غضنفر نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے میر غضنفر آف ہنزہ کو گلگت بلتستان کا گورنر مقرر کرنے کافیصلہ کرلیا ہے اور ان کی تقرری کی سمری صدر کو ارسال کردی گئی ہے صدر کی منظوری کے بعد میر غضنفر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اس سے قبل برجیس طاہر گورنر گلگت بلستان تھے جو ایک وقت میں وفاقی وزیر امور کشمیر اور گورنر کی دوہری ذمہ داریاں ادا کررہے تھے اور وزیراعظم نے انہیں دوبارہ وفاقی وزیر کے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی ہے اور ان کی جگہ گورنر کے عہدے پر میر غضنفر کو گورنر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کے روز میر غضنفر سے بطور گورنر گلگت بلتستان حلف لیا جائے گا۔ حلف برداری کی تقریب گلگت بلتستان ہاﺅس میں پیر کے روز ہوگی۔