اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیرجمالی کا کہنا ہے کہ ہم سب کسی فرد کے نہیں بلکہ قانون کے تابع ہیں اس لئے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنا ہوں گے۔عدالتی اصلاحات سے متعلق سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ آئین میں ریاست کے خدوخال کی تشریح کی گئی ہے، ریاست جمہور کی منشا پر قائم ہوئی، قانون پرعملدرآمد کے بغیرترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوا جاسکتااس لئے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی نظرمیں تمام شہری برابرہیں، ریاست کا تصور سیاسی مفاہمت پراستوار ہے اس لئے حکومت کو ملنے والے مینڈیٹ کے تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل عدالیہ کی آزادی، آئین کی عملداری میں ہی مضمر ہے، ریاست کے باشندوں کو یہ نظر آنا چاہیئے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالا نہیں، قانون کی بالادستی کو روز مرہ زندگی، ریاستی امور کی انجام دہی اور عوام کے آپس کے معاملات میں مرکزی حیثیت حاصل ہے جس پر عمل درآمد ناگزیرہے۔