اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان نے ایک بارپھر افغان حکومت اور طالبان سے مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے اور امور خارجہ کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہاہے کہ پاکستان اپنے دفاع کےلئے جو ہتھیار ضروری سمجھے گا اپنے پاس رکھے گا , ایٹمی ہتھیاروں کے کمانڈ اور کنٹرو ل نظام کو عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے ۔پیر کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے اور عالمی برادری بھی پاکستان کے اس حق کو تسلیم کرتی ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے تحفظ کےلئے عالمی معیار کا کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام موجود ہے جسے عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن اوراستحکام قائم ہو اس کےلئے ضروری ہے کہ مفاہمتی عمل بحال کیا جائے ۔افغان حکومت اور طالبان امن کے مفاد میں فوری طورپر مذاکرات بحال کریں امریکہ بھی اس مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے اور اس نے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی ہے تاہم انہوںنے کہاکہ اب یہ افغان حکومت اور طالبان پر منحصر ہے کہ وہ کب مذاکراتی عمل بحال کرتے ہیں پاکستان اس حوالے سے اپنا ہر ممکن کر دارادا کر نے کےلئے تیار ہے