لاہور(نیوزڈیسک)تحریک انصاف نے این اے 144کے ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار کی حمایت پر رکن اسمبلی مسعود شفقت ربیرا کی رکنیت کی منسوخی اور تحقیقات کےلئے کمیٹی کے اعلان کے بعد خاموشی اختیار کر لی ، رکن اسمبلی کو پارٹی رکنیت منسوخی کا باضابطہ نوٹس کا اجراءکیا گیا اور نہ ہی نعیم الحق اور شفقت محمود پر مشتمل کمیٹی کی طرف سے تحقیقات کےلئے کوئی رابطہ کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے این اے 144کے ضمن انتخاب میں پارٹی امیدوار اشرف سوہنا کی بجائے آزاد امیدوار چوہدری ریاض الحق جج کی حمایت پر 16اکتوبر کو پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود شفقت ربیرا کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے نعیم الحق اور شفقت محمود پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم کی تھی تاہم 16روز گزرنے کے باوجود مسعود شفقت کو باضابطہ طور پر کوئی نوٹس جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی دو رکنی کمیٹی نے ان سے تحقیقات کے لئے کوئی رابطہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے پہلے چوہدری ریاض الحق جج کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا اور اسی وجہ سے مسعود شفقت ربیرا ستمبر سے ان کی حمایت میں مہم چلا رہے تھے بعد ازاں اچانک فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے اشرف سوہنا کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا اور آزاد امیدوار ریاض الحق جج نے (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کو بڑے مارجن سے شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔