سوات(نیوز ڈیسک)پاکستان کے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے بزرگ سیاسی رہنما افضل خان لالا 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔سوات کے علاقے مٹہ درشخیلہ میں رہائش پذیر عوامی نیشنل پارٹی سے وابسطہ افضل خان لالا کچھ عرصے سے جگر کے مرض میں مبتلا تھے۔انھیں طبعیت ناساز ہونے پر مٹہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم بعد میں سانس لینے میں دشواری کے باعث سنیچر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیاگیا تھاافضل خان لالا سنہ 1993 میں سوات سے قومی اسمبلی کے رکن رہے۔سوات میں کشیدہ حالات اور طالبان کے دور اقتدار میں وہ واحد سیاسی رہنما بتائے جاتے ہیں جو سوات میں مقیم رہے۔ اس دوران انھیں طالبان کے حملوں کا بھی سامنا رہا جن میں وہ زخمی بھی ہوئے۔طالبان نے متعدد بار ان کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنایا تھا تاہم اس کے باوجود وہ علاقہ چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونے سے انکاری تھے اور اپنے ہی علاقے درشخیلہ میں عسکریت پسندوں کا سامنا کرتے رہے۔حکومت پاکستان نے سوات میں شورش کے دوران ان کی بہادری اور جرات مندانہ کردار پر انھیں تمغہ شجاعت سے نوازا تھا۔افضل خان لالا طویل عرصے سے عوامی نیشنل پارٹی سے منسلک تھے۔سوات کے لوگ افضل خان لالا کو کشیدہ حالات میں اپنی قوم اور قبیلے کو تنہا نہ چھوڑنے پر ان کی اس جرات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں















































