اسلام آباد(نیوزڈیسک)ریحام خان کی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے علیحدگی کے بعد لوگوں کو لگا کہ ان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم جانان کی شوٹنگ بھی متاثر ہوگی تاہم فلم کے شریک پروڈیوسرز کے مطابق فلم کی شوٹنگ طے شدہ منصوبے کے تحت ہوگی۔فلم کے شریک پروڈیوسر عمران کاظمی نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلم کا ایک دور کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا گیا ہے اور دوسرے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس کی شوٹنگ جلد شروع ہونے کی امید ہے، باقی تمام قیاس آرائیاں ایک طرف کرتے ہوئے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس خبر سے فلم کو کسی بھی قسم کی کوئی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔عمران کے مطابق اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ ریحام خان کی پاکستان واپسی کب ہوگی، تاہم انہیں امید ہے کہ وہ طویل عرصے کے لیے پاکستان سے نہیں گئیں۔ریحام انشااللہ بہت جلد واپس آئیں گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ تھوڑے بہت مسائل تو ہر فلم کی شوٹنگ کے دوران پروڈکشن کو جھیلنے پڑتے ہیں، ہماری ٹیم بالکل تیار ہے، سب کو اپنا کام آتا ہے اور میں فخر سے یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ اگر میں اور ریحام موجود نہ بھی ہوں تو بھی ٹیم پروڈکشن میں آنے والے مسائل کو باآسانی حل کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا فلم کے ہدایتکار اظفر جعفری اس وقت فلم کے پہلے ٹیزر ٹریلر کو مکمل کرنے میں مصروف ہیں جو بہت جلد منظر عام پر آئے گا۔فلم کے پہلے دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران کا کہنا تھا کہ ریحام چند بار شوٹنگ کے دوران سیٹ پر آئی ہیں اور فلم کی شوٹنگ دیکھ کر کافی متاثر بھی ہوئیں۔ وہ پورے عملے کی لگن دیکھ کر بھی کافی متاثر ہوئیں جس میں اداکار، لکھاری، پروڈکشن ٹیم اور ہدایتکار شامل ہیں۔ان کا ریحام کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ ان کے دل سے کافی قریب ہے اور ریحام کو ان پر اور ان کی ٹیم پر پورا بھروسا ہے۔ریحام فلم جانان کا حصہ تھیں اور ہمیشہ رہیں گی۔















































