اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) نادرا نے شہریوں کے شناختی ڈیٹا کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک جدید شناختی کارڈ ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے عوام پہلی مرتبہ اپنے شناختی ریکارڈ کے استعمال پر خود نظر رکھ سکیں گے۔اس نئی ایپ کی مدد سے شہری یہ جان سکیں گے کہ ان کا شناختی ڈیٹا کہاں، کب اور کس مقصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ ایپ میں ڈیٹا ویری فکیشن کی مکمل ہسٹری موجود ہوگی، جس میں یہ تفصیل بھی شامل ہوگی کہ کس ادارے نے تصدیق کی اور اس کی نوعیت کیا تھی۔
نادرا حکام کے مطابق اس اقدام سے شناختی معلومات کے غلط یا غیر قانونی استعمال پر مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ ڈیٹا لیک، جعلی تصدیق اور غیر مجاز رسائی جیسے مسائل کی روک تھام میں بھی اس ایپ سے نمایاں مدد ملے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے نفاذ سے شہریوں کی پرائیویسی مزید محفوظ ہوگی، ڈیٹا سیکیورٹی کے معیار میں بہتری آئے گی اور سائبر جرائم کے امکانات کم ہوں گے۔ نادرا کی یہ نئی سہولت عوام کو اپنے شناختی ڈیٹا پر براہِ راست کنٹرول فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔















































