اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حکومت نے پرانے اور استعمال شدہ اسمارٹ فونز کی کسٹمز ویلیو میں خاطر خواہ کمی کر دی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگے موبائل فونز، خاص طور پر آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر لاگو پی ٹی اے ٹیکس میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ذرائع کے مطابق کسٹمز ویلیو میں کمی کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تحت وصول کیے جانے والے ٹیکسز میں بھی واضح فرق پڑا ہے۔ پی ٹی اے ٹیکس کا حساب کسٹمز ویلیو، سیلز ٹیکس اور موبائل لیوی کو مدنظر رکھتے ہوئے لگایا جاتا ہے، اس لیے کسٹمز ویلیو کم ہونے سے فون رجسٹریشن کی مجموعی لاگت بھی کم ہو گئی ہے۔
نظرثانی شدہ کسٹمز ویلیوز کے تحت اگر آئی فون 15 پرو یا آئی فون 15 پرو میکس پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹر کرایا جائے تو پی ٹی اے ٹیکس 55 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن کی صورت میں یہ رقم 70 ہزار روپے ہوگی۔ نئے ٹیکس ریٹس سابقہ شرح کے مقابلے میں خاصے کم ہیں، کیونکہ پہلے ان ماڈلز پر کہیں زیادہ ٹیکس وصول کیا جا رہا تھا۔














































