اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر نے عوام کے لیے مثبت پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے نرخوں میں کمی کے ساتھ ساتھ تنخواہوں میں اضافے پر بھی کام کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پیداوار کے شعبے پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ مائیکرو اکنامک نمائش منعقد کرنے جا رہا ہے، جو 24 سے 26 جنوری تک لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگی۔
ان کے مطابق حکومت کی توجہ پیداواری شعبے کو مضبوط بنانے اور مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کی ترقی پر مرکوز ہے، اور اسی مقصد کے تحت اس نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
ہارون اختر نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کو ماضی میں بعض مشکل فیصلے لینا پڑے، تاہم اب ان فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بہتری اور پالیسی ریٹ میں کمی معاشی استحکام کی واضح علامتیں ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی قیادت میں جلد نئی صنعتی پالیسی متعارف کروائی جائے گی، جس میں توانائی کے نرخوں میں مزید کمی اور عوام کی آمدن میں اضافے سے متعلق اقدامات شامل ہوں گے۔












































