لاہور (این این آئی)وفاقی حکومت نے سولر سسٹم سے بجلی کی پیداوار کرنے والوں کے خلاف بڑا فیصلہ سنا دیا، لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں میں معاہدے کے برعکس اضافی سولر پینلز لگا کر بجلی کی جنریشن کرنے والوں کو بلوں میں ریلیف دینے پر پابندی عائد کر دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ لیسکو سے منظورہ شدہ لوڈ کے مطابق صارفین کو ایکسپورٹ شدہ یونٹس پر ریلیف ملے گا،اضافی سولر پینلز لگا کر بجلی کی پیداوار کرنے والوں کو زائد جنریشن پر ریلیف نہیں ملے گا،بجلی کے تقسیم کار کمپنیوں میں اضافی بجلی کوصفر یونٹس کے طور پر لیا جائیگا۔
لیسکو نے نیٹ میٹرنگ پر منتقل کنکشنز پر اضافی پیداوار کی بلنگ پر چیک لگا دیا،لیسکو کی جانب سے گرین اور بائی ڈائریکشنل میٹرز کی ایم ڈی آئی ریکارڈ کی جائیگی،ایم ڈی آئی ریڈنگ میں امپورٹ اور ایکسپورٹ شدہ یونٹس سامنے آئیں گے۔ریڈنگ کی بنیاد پر اضافی بجلی پر صارفین کے بلوں میں ریلیف نہیں مل سکے گا۔ذرائع کے مطابق پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی نے مراسلہ جاری کر کے پابندی لگوائی ہے۔















































