اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مشہور بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے اپنے شوہر روہن پریت سنگھ سے علیحدگی کی گردش کرتی خبروں پر وضاحت پیش کرتے ہوئے ان افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی ازدواجی زندگی بالکل معمول کے مطابق اور خوشگوار ہے۔حال ہی میں نیہا ککڑ کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کام اور بعض رشتوں سے کچھ عرصے کے لیے دوری اختیار کرنے کا ذکر کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی طلاق سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے 37 سالہ گلوکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ان کے شوہر یا خاندان کو شامل نہ کریں۔نیہا ککڑ نے کہا کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں، اپنے گھر والوں کی بدولت ہیں، اور ان کی پریشانی کا تعلق کسی اور صورتحال یا نظام سے ہے، نہ کہ ان کے شوہر یا خاندان سے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے ازدواجی رشتے میں کسی قسم کا مسئلہ نہیں۔گلوکارہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ سوشل میڈیا پر جذباتی انداز میں بات کرنا ان کی غلطی تھی کیونکہ میڈیا چھوٹی بات کو بھی غیر ضروری طور پر بڑھا دیتا ہے، تاہم اس تجربے سے انہوں نے سبق حاصل کر لیا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر نیہا ککڑ نے کہا کہ وہ آئندہ اپنی نجی زندگی کو عوامی گفتگو کا حصہ نہیں بنائیں گی اور جلد ہی بھرپور توانائی کے ساتھ واپس آئیں گی۔ انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا کہ پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔واضح رہے کہ نیہا ککڑ نے کام اور ذاتی معاملات سے وقفے سے متعلق جو پوسٹ شیئر کی تھی، وہ بعد میں حذف کر دی گئی، جس کے بعد علیحدگی کی افواہیں تیزی سے پھیلیں، تاہم اب گلوکارہ نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔















































