اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) موٹر سائیکل خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے ہونڈا نے ایک خوش خبری کا اعلان کر دیا ہے۔ ہونڈا نے بینک الفلاح کے اشتراک سے بغیر سود آسان اقساط پر موٹر سائیکل فراہم کرنے کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
اس اسکیم کے تحت ہونڈا کے معروف ماڈلز CD 70، CG 125 اور CG 150 بینک الفلاح کے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ماہانہ اقساط میں خریدے جا سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے باعث صارفین پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے تاکہ نئی موٹر سائیکل کی خریداری نسبتاً آسان ہو سکے۔بینک الفلاح کے حکام کے مطابق اس پیشکش میں کسی قسم کا سود شامل نہیں ہوگا، البتہ صارفین کو مقررہ پروسیسنگ فیس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرنا لازم ہوگی۔
یہ سہولت محدود مدت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے اور موٹر سائیکلوں کی دستیابی موجودہ اسٹاک سے مشروط رہے گی۔ہونڈا CD 70 کی قیمت 1 لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے، جسے اب تقریباً 26 ہزار 650 روپے کی ماہانہ اقساط میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح CG 125 اور CG 150 بھی بغیر سود اقساط کی سہولت کے تحت خریدی جا سکتی ہیں، جس سے صارفین کو یکمشت بڑی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔مزید تفصیلات، بکنگ کے طریقہ کار، شرائط و ضوابط اور اہلیت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے صارفین بینک الفلاح کی ہیلپ لائن یا اس کے سرکاری ذرائع سے رابطہ کر سکتے ہیں۔















































