اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) اچھرہ کی جیولری مارکیٹ میں تاجروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا بطور امانت رکھا گیا 20 کلو سے زائد سونا غائب ہو گیا ہے۔پولیس کے مطابق مارکیٹ میں مختلف جیولرز نے اپنا قیمتی سونا شیخ وسیم اختر نامی تاجر کے پاس حفاظت کے طور پر رکھا ہوا تھا۔
کئی دنوں سے اس کی دکان بند ہونے پر تاجروں نے شک کی بنا پر دکان کے تالے توڑ کر لاکر کی جانچ پڑتال کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاکر کھولنے پر 20 کلو سے زیادہ سونا موجود نہیں تھا، جس کی مجموعی مالیت تقریباً ایک ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ تاجروں کا مزید کہنا ہے کہ شیخ وسیم 60 لاکھ کی ایک کمیٹی کی رقم بھی لے کر غائب ہو گیا۔پولیس کے مطابق متاثرین میں سے ایک تاجر محمد احمد نے اس واقعے کی باقاعدہ درخواست اچھرہ تھانے میں جمع کرا دی ہے، جس کے بعد معاملے کی متعدد زاویوں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔















































