اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنشن کی ادائیگی میں تاخیر سے متعلق شکایت پر فوری اقدام کے بعد ایک شہری کی بیٹی کو ایک کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کر دی گئی۔محتسب پنجاب نے بہاولنگر کے رہائشی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اس کی غیر شادی شدہ بیٹی کے لیے فیملی پنشن کے طور پر ایک کروڑ 15 لاکھ 65 ہزار روپے کی ادائیگی کا حکم جاری کیا۔شکایت گزار کے مطابق یہ مسئلہ برسوں سے حل طلب تھا، تاہم درخواست درج کرواتے ہی معاملے پر تیز رفتار کارروائی ہوئی اور ایک بڑا مسئلہ ختم ہو گیا۔
محتسب پنجاب نے متعلقہ محکمے سے پنشن روکے جانے کی وجوہات بھی پوچھی اور واضح کیا کہ غیر شادی شدہ بیٹی مکمل طور پر فیملی پنشن کی مستحق ہے۔ محکمے کو ہدایت دی گئی کہ قانونی تقاضوں کے مطابق بلا تاخیر رقم فراہم کی جائے تاکہ شہری اپنے حق سے محروم نہ رہے۔شہری نے بر وقت انصاف ملنے پر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فورم موجود نہ ہوتا تو شاید اسے یہ حق کبھی نہ ملتا۔ محتسب پنجاب کا کہنا ہے کہ عوامی مشکلات کے حل کے لیے یہ ادارہ ہمیشہ متحرک ہے اور آئندہ بھی شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔















































