واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری کرتے ہوئے قطر کو سیکیورٹی گارنٹی فراہم کر دی ہے۔ اس حکم نامے کے تحت اگر قطر پر کسی بیرونی ملک کی جانب سے حملہ ہوا تو امریکا نہ صرف اس کا دفاع کرے گا بلکہ جوابی کارروائی بھی کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور قطر کے درمیان دیرینہ تعلقات موجود ہیں جو قریبی تعاون، مشترکہ مفادات اور دونوں ملکوں کی افواج کے مضبوط روابط پر مبنی ہیں۔ ان کے مطابق قطر ایک بااعتماد اتحادی ہے جو خطے میں امن اور استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایگزیکٹو آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا ہر صورت میں قطر کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کرے گا، جبکہ وائٹ ہاؤس نے واضح کیا کہ مستقبل میں قطر پر کوئی بھی حملہ امریکا پر حملے کے مترادف سمجھا جائے گا۔
خیال رہے کہ خلیج کے خطے میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ قطر میں واقع ہے۔ حالیہ دنوں میں اسرائیل نے دوحہ پر حملہ کر کے غزہ جنگ سے متعلق مذاکرات کو متاثر کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم بعدازاں اسرائیلی وزیراعظم نے اس واقعے پر قطر سے معذرت کر لی۔ اس پیش رفت کے بعد امریکی صدر نے باضابطہ طور پر قطر کو سیکیورٹی ضمانت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔