جنیوا (نیوزڈیسک)پاکستان نے جوہری معاملات پر بعض ممالک کے دوہرے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتیاز پر مبنی ایٹمی تعاون کے معاہدے جنوبی ایشیاءمیں بدامنی اور عدم استحکام کا باعث بنے ہیں۔یہ بات پاکستان کی جنیوا میں مستقل نمائندہ تہمینہ جنجوعہ نے بدھ کے روز جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ، رسمی اور سیاسی طریقوں سے ایٹمی ہتھیاروں کو باضابطہ بنانے کے حوالے سے عالمی کوششوں کو بڑی حد تک ناکام سمجھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض ملکوں کے دوہرے معیار نے پاکستان سمیت عالمی برادری میں عدم اطمینان کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ خطے میں ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری نے پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرات پیدا کئے اور پاکستان کے پاس اپنے دفاع کیلئے قابل اعتماد ایٹمی دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔