لاہور( این این آئی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ٹی کیش کارڈ کا باقاعدہ اجرا ء کر دیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں کرائے کی ادائیگی کا جدید، آسان اور بغیر نقدی کا نظام فراہم کرنا ہے۔یہ اسمارٹ ری چارج ایبل کارڈ پنجاب کے تمام بڑے شہری ٹرانزٹ سسٹمز جیسے میٹرو بس اورنج لائن ٹرین، سپیڈو بس، الیکٹرو بس اور دیگر مربوط سروسز میں استعمال کیا جا سکے گا ، اس کے ذریعے شہریوں کو ہر ٹرانسپورٹ کے لیے الگ الگ ٹکٹ لینے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ ایک ہی کارڈ سے تمام سفری کرائے ادا کیے جا سکیں گے۔ٹی کیش کارڈ نہ صرف سفر کے لیے استعمال ہوگا بلکہ یہ ایک مکمل ڈیبٹ کارڈ کے طور پر بھی کام کرے گا جس سے روزمرہ کے مالی لین دین بھی ممکن ہوں گے۔
اس طرح یہ کارڈ ایک ہی وقت میں سفر اور بینکنگ دونوں سہولیات فراہم کرے گا۔یہ کارڈ پنجاب کے تمام ایسے شہری حاصل کر سکتے ہیں جو نادرا کے ڈیٹا بیس میں تصدیق شدہ ہوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مقرر کردہ قواعد پر پورا اترتے ہوں۔درخواست دینے کے لئے سرکاری ویب پورٹل،موبائل ایپلیکیشن اورٹیلیفون ہیلپ لائن (1762 )جہاں کسٹمر سروس نمائندے رہنمائی فراہم کرتے ہیں رجوع کیا جا سکے گا۔کارڈ کے اجرا ء کی فیس صرف 130 روپے مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دینے کے بعد شہری اپنے قریبی مقررہ اسٹیشن سے کارڈ وصول کر سکتے ہیں جس کا انتخاب وہ درخواست کے دوران کریں گے،کارڈ کی دستیابی کے بعد 10 دن کے اندر اندر اسے وصول کرنا ضروری ہے، بصورت دیگر دوبارہ پراسیسنگ کی جائے گی۔درخواست گزار اپنا کارڈ جاری ہونے کی اسٹیٹس جاننے کیلئے ویب سائٹ، موبائل ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔