اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکا کی جانب سے ویزا جاری کرنے سے انکار کے بعد اقوام متحدہ نے فلسطینی صدر محمود عباس کو اجازت دی ہے کہ وہ آئندہ ہفتے نیویارک میں ہونے والے جنرل اسمبلی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں۔اطلاعات کے مطابق کئی ممالک کی طرف سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے اعلانات کے بعد امریکا نے صدر محمود عباس کو اجلاس میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار کیا تھا۔اسی دوران پرتگال نے باضابطہ طور پر فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے چند روز قبل برطانیہ کے دورے کے دوران کہا تھا کہ حکومت اس معاملے پر غور کر رہی ہے، تاہم اب وزارت خارجہ نے اس فیصلے کو عملی شکل دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے اجلاس سے قبل کینیڈا، فرانس، برطانیہ، بیلجیم اور آسٹریلیا سمیت متعدد مغربی ممالک بھی فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں۔















































