اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی بلند و بالا عمارتیں پاکستان اور سعودی عرب کے پرچموں کے رنگوں سے جگمگا اٹھیں۔عمارتوں پر سبز اور سفید رنگ کے ساتھ ہلال اور ستارہ واضح طور پر نظر آ رہا تھا جبکہ ساتھ ہی سعودی عرب کا سبز پرچم بھی روشنیوں میں نمایاں تھا۔پاکستانی اور سعودی عوام نے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا اور اسے دونوں ممالک کی دوستی کی علامت قرار دیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کیے۔یہ معاہدہ دونوں ملکوں کی سلامتی کو مزید مستحکم بنانے اور خطے سمیت دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے تحت پاکستان اور سعودی عرب دفاعی شعبے میں قریبی تعاون کریں گے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں گے۔معاہدے کے مطابق اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر جارحیت سمجھا جائے گا۔