اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)مصر کی وزارتِ آثارِ قدیمہ نے انکشاف کیا ہے کہ قاہرہ کے مصری میوزیم کی ایک لیبارٹری سے تین ہزار سال پرانا سونے کا کڑا لاپتہ ہوگیا ہے۔وزارت کے مطابق یہ زیور فرعون آمنموپ کے دور سے تعلق رکھتا ہے، جو مصر کی اکیسویں سلطنت (1070 تا 945 قبل مسیح) کا حکمران تھا۔بیان میں وضاحت کی گئی کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کڑا آخری بار کب دیکھا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق انوینٹری کی جانچ پڑتال کے دوران اس کی گمشدگی کا پتا چلا، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
وزارت نے بتایا کہ معاملے کی چھان بین کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدی راستوں پر آثارِ قدیمہ کی خصوصی یونٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔قاہرہ کے مشہور تحریر اسکوائر میں قائم مصری میوزیم میں ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ قدیم نوادرات محفوظ ہیں، جن میں فرعون آمنموپ کا سنہری ماسک بھی شامل ہے۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب حکومت یکم نومبر کو طویل عرصے سے زیرِ تعمیر گریٹ ایجپشن میوزیم کے افتتاح کی تیاریوں میں مصروف ہے۔