اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ہر وہ شخص جو موبائل فون استعمال کرتا ہے، بذاتِ خود اسرائیل کے ساتھ گہرا تعلق رکھتا ہے۔مغربی بیت المقدس میں امریکی کانگریس کے وفد سے ملاقات کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ موبائل فونز، ادویات اور عسکری ساز و سامان کی تیاری میں اسرائیل کا حصہ موجود ہے، اس لیے فون اٹھانے والا درحقیقت “اسرائیل کا ایک ٹکڑا” اپنے ہاتھ میں رکھتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بعض ممالک نے اسرائیل کو ہتھیاروں کے اجزاء کی فراہمی روک دی ہے، مگر اسرائیل اپنی ہتھیار سازی کی صلاحیت کی بدولت اس دباؤ کا مقابلہ کرنے کے قابل ہے۔ نیتن یاہو نے استفسار کیا کہ “کیا آپ کے پاس موبائل فون ہے؟ تو آپ کے ہاتھ میں اسرائیل کا ایک ٹکڑا ہے۔” انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ٹماٹر جیسی اشیاء بھی بعض اوقات اسرائیل سے آتی ہیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس کے معاملے میں بھی امریکہ اور اسرائیل کے درمیان معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے اور بعض دفاعی نظاموں کا اشتراک بھی موجود ہے، جس سے دونوں ملکوں کی سیکیورٹی شراکت واضح ہوتی ہے۔