لندن(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دورہ امریکا میں ملکی مفادات کا ہر صورت دفاع کرینگے، ایٹمی ہتھیاروں کے معاملے میں اپنی پوزیشن پر سمجھوتا نہیں کرسکتے، دورہ سے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئیگی، بھارت میں پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان پر شیوسینا کے حملے افسوسناک ہیں، حملے سے دل شکنی ہوئی ہے، ایسا ہر گز نہیں ہونا چاہیے، اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ، اسکے تحت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ، بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو دے دیئے، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوئی ، تحریک انصاف کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے ، ہر مر حلے پر دھاندلی کا شور مچانا ٹھیک نہیں ،خطے کی ترقی کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے ، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کےلئے ضروری ہے اور ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر مرحلے پر دھاندلی دھاندلی کا شور مچانا سیاسی ناپختگی ہے۔ تحریک انصاف قیادت کو ذمہ داری اور سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ سیاست ملکی مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نئی قسم کی سیاست سے سخت افسوس ہوتا ہے جو ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ پاکستان خدا خدا کرکے مشکل صورتحال سے باہر نکلا ہے لہٰذا اب منفی سیاست کرنے والوں کو بھی مثبت سیاست کرنی چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے تو دھاندلی کے الزامات پر عدالتی کمیشن تشکیل دیا اور پھر الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ این اے 122 میں دھاندلی کے الزامات پر ہم دوبارہ عوامی عدالت میں گئے جہاں عوام نے دوبارہ ہمیں کامیاب کرایا اور آج این اے 122 کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ دوسری طرف اوکاڑہ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2018ءتک پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ قوم بخوبی جانتی ہے کہ اس وقت کون وزیراعظم تھا جس نے ایٹمی دھماکے کئے۔ اس لئے ملکی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اقتصادی راہداری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اقتصادی راہداری کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے اور پاکستان میں اقتصادی راہداری کے کئی منصوبے شروع ہو چکے ہیں جن پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیئے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے۔ بھارتی مداخلت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں جاری بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دے دیئے ہیں۔